اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک کو درپیش معاشی بحران پر قابو پانے کی غرض سے قومی اثاثے فروخت کرنے کی مخالفت کر دی۔ اس حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ’چوروں کو اثاثے فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔‘
اپنی ٹویٹ میں سابق وزیراعظم نے وہ خبر شیئر کی جس میں ایکسپریس ٹربیون کی جانب سے اثاثوں کی فروخت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ عمرنا خان نے کہا ”کرائم منسٹر، زرداری سمیت جس کے خاندان کی کرپشن پر کتابیں لکھی جا چکی ہیں،جس کی حکومت امریکی سازش سے لائی گئی اس پر قومی اثاثوں کو فروخت کرنے کے معاملے میں کیسے بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔یہ لوگ گزشتہ 30برس سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں اور موجودہ معاشی زبوں حالی کے ذمہ دار ہیں۔“عمران خان نے کہا کہ یہ چور جس مکاری سے ہمارے قومی اثاثے فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں اس کی ہرگز اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ قوم اپنے اثاثوں کے معاملے میں ان پر کبھی اعتبار نہیں کرے گی۔
کرائم منسٹر،زرداری سمیت جس کےخاندان کی کرپشن پر بہت سی کتابیں لکھی جاچکی ہیں، کی قیادت میں تبدیلئ سرکار کی امریکی سازش سےلائی گئی امپورٹڈ حکومت پر تمام قواعد و قانونی طریقۂ کار ایک جانب رکھتےہوئے قومی اثاثوں کی فروخت کےمعاملے میں کیسےبھروسہ
https://t.co/8kygK6sxEB— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 23, 2022
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین کے تجویز کردہ اس قانون کے تحت تیل اور گیس کمپنیاں اور حکومت کے ملکیتی پاور پلانٹس متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور دیگر ممالک کو فروخت کیے جائیں گے۔اس قانون کے تحت پاکستان کی عدالتیں سرکاری کمپنیوں کے اثاثوں اور حصص کی بیرون ممالک کو فروخت کے خلاف درخواستوں کی سماعت بھی نہیں کر سکیں گی۔اس مجوزہ قانون کو منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔