دبئی: (سچ نیوز) بھارت نے فائنل میں بنگلا دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3 وکٹوں سے شکست دیدی، بھارت نے 223رنز کا ہدف7 وکٹ پر عبور کیا۔ بھارت نے چھٹی بار ایشیا کپ اپنے نام کیا۔ جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری بار فائنل میں ناکام رہی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم 222رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنر شیکھر دھون 15، روہت شرما 48 اور رائیڈو 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 83 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین مہندرسنگھ دھونی اور دنیش کارتک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم 137 کے مجموعے پر کارتک 37 رنز بناکر محموداللہ کا شکار بن گئے۔ انڈیا کی پانچویں وکٹ 160 رنز کر گری جب مہندر سنگھ دھونی 36 رنز بنا کر مستفیض الرحمنٰ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی چھٹی وکٹ 212 رنز پر رویندر جڈیجہ کی گری جو 23 رنز بنا کر روبیل حسین کی گیند پر کیپر کو آسان کیچ تھما بیٹھے۔ ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بھنیشور کمار تھے جو 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2018ء کے فائنل میچ میں بنگلا دیشی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے اڑھتالیس اعشاریہ تین اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس اور مہدی حسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپننگ بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے کو 120 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بنگلا دیش کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی مہدی حسن تھے جنہوں نے 32 رنز بنائے، ان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز مشکلات کا شکار ہو گئے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ بنگلا دیش کے 152 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم اڑھتالیس اعشاریہ تین اوورز میں 222 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
بنگلا دیشی اننگز کی خاص بات لٹن داس کی 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سینچری کی تھی۔ انہوں نے 121 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ لٹن داس اور مہدی حسن کے علاوہ سومیا سرکار نے ہمت دکھائی اور 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کامیاب گیند باز رہے جبکہ کے ایم جادھو 2، بمرا اور چاہل ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کر سکے۔
ایشیاء کپ میں شیکھر دھون نے سب سے زیادہ 342رنز بنائے۔ کلدیپ یادیو اور راشد خان نےسیریز کے دوران 10،10شکار کیے۔