نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی دھمکیوں کے سبب وینزویلا جانے والے دو ایرانی جنگی بحری جہاز وں نے اپنا رخ افریقہ کے مغربی ساحل کی طرف موڑ لیا۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان جہازوں میں مبینہ طور پر ہتھیار موجود ہیں جو ایران وینزویلا کو فراہم کرنے جا رہا تھا۔ امریکہ کی طرف سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر یہ ایرانی جنگی بیڑے کیریبین (Caribbean)میں داخل ہوئے تو ان کے خلاف مناسب اقدام اٹھایا جائے گا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ”ایران کو بحری جہازوں کے خلاف اقدام کی دھمکی کے ساتھ ساتھ امریکہ کی طرف سے کیوبا اور وینزویلا کی حکومتوں پر بھی شدید سفارتی دباؤ ڈالا گیا اور انہیں مجبور کیا گیا کہ وہ ان ایرانی جہاز کو اپنی بندرگاہوں پر لنگرانداز مت ہونے دیں، جس کے نتیجے میں ایرانی بحری جہازوں نے اپنا رخ تبدیل کر لیا تاہم امکان ہے کہ دونوں جہاز ایک بار پھر اپنا رخ کیریبین کی طرف کر سکتے ہیں اور وینزویلا پہنچنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔“رپورٹ کے مطابق اس وقت یہ جہاز جس رخ پر سفر کر رہے ہیں، ممکنہ طور پر میڈیٹیرینین یا روس جا سکتے ہیں۔