پونے (سچ نیوز) جنسی جرائم کی وہ کون سی قسم ہے جس کا بھارتی خواتین کو سامنا نہیں؟ سڑکوں پر جنسی ہراس سے لے کر اجتماعی زیادتی تک ہر قسم کے واقعات کی پہلے ہی بھرمار ہے، مگر اب ان جرائم میں نیا اضافہ انٹرنیٹ پر پوسٹ کئے جانے والے غیر اخلاقی مواد کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ ایک ایسے ہی افسوسناک واقعے نے پُونے شہر سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکی کا گھر شادی کے چند دن بعد ہی برباد کر ڈالا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق متاثرہ لڑکی کے تعلقات گووا شہر کے ایک نوجوان کے ساتھ رہے تھے مگر بعد میں ان کی راہیں جدا ہو گئیں اور لڑکی نے کہیں اور شادی کر لی۔ ابھی شادی کو چند دن ہی ہوئے تھے کہ ایک دن اچانک لڑکی کو اپنی ایک سہیلی کی جانب سے ایک انٹرنیٹ لنک موصول ہوا۔ سہیلی نے لکھا تھا کہ ”انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی گئی یہ ویڈیو تمہاری لگتی ہے۔“ اور جب دلہن نے یہ ویڈیو دیکھی تو آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھانے لگا۔
یہ اسی کی قابل اعتراض ویڈیو تھی جو یقیناً اس کے سابق بوائے فرینڈ نے بنائی تھی اور ناصرف فحش فلموں کی مشہور ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی تھی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو عام ہو چکی تھی۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اب اسے ہر جاننے والے اور دوستوں عزیزوں کے فون آ رہے ہیں کہ فحش ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر اُس کی ویڈیو گردش کر رہی ہے۔ لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزم کے ساتھ اس کے تعلقات تقریباً چار سال تک رہے لیکن اسے اندازہ نہیں تھا کہ کسی موقع پر اس کی خفیہ فلم بھی بنائی گئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فحش فلموں کی ویب سائٹ کے علاوہ ملزم نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی، اور اس مقصد کے لئے اپنی سابقہ گرل گرینڈ کے نام سے ایک جعلی اکاﺅنٹ بھی بنایا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف شکایت درج کر لی ہے اور اس ضمن میں مزید قانونی کاروائی جاری ہے۔