اسلام آباد(سچ نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے فیصلے کا آنا شریف خاندان کیلئے ریلیف ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی رہائی سے پارلیمنٹ مضبوط ہوگی جبکہ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالت عالیہ کا فیصلہ ہے، سب کو تسلیم کرنا ہوگا ، نواز شریف کو ہمیشہ ریلیف ملتا رہا آج بھی مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے ردعمل پر کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور شہید محترمہ بینظیر نے ہمیشہ عدلیہ کی ا?زادی کی لڑائی لڑی ہے اور پیپلز پارٹی عدلیہ کی آزادی کی جدوجہد کا ہراول دستہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی جدوجہد کے باوجود پیپلز پارٹی نے عدالتی فیصلوں کا سامنا کیا اور فیصلے خلاف آنے کے باوجود کبھی عدالتوں کو بےتوقیر نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کے انتقال کی وجہ سے شریف خاندان مشکل وقت سے گزر رہا تھا اور اس فیصلے کا آنا شریف خاندان کے لیے ایک ریلیف ہے۔