افغانستان کی اعلیٰ مصالحتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ نے کہاہے کہ افغان امن کیلئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے
کابل (سچ نیوز) اسلام آباد نے امن مذاکرات کی حمایت کا پیغام بھیجا ہے جو ہمارے مفاد میں ہے ۔عبد اللہ عبد اللہ نے امریکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے پاکستانی قیادت سے کہا ہے کہ وہ طالبان پر اپنا تمام اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ امن عمل کو مدد مل سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے پر تبادلہ خیال کیا جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے ،اسلام آباد کے افغان امن عمل میں کردار کے بعد یہ ضروری تھا کہ میں وہاں کا دورہ کروں۔یاد رہے کہ عبداللہ عبداللہ گزشتہ دورِ حکومت میں جب افغانستان کے چیف ایگزیکٹو تھے تو انہوں نے پاکستان کے دورے کی دعوت کو کئی بار ٹھکرا دیا تھا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات کے بدلاؤ نے اُن کے ذہن کو بدل دیا ہے ۔