اسلام آباد (سچ نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ ون رو ڈ وژن کاعکاس ہے،چین نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور چین کے ساتھ تعلقات خارجہ پالیسی میں نہایت اہم ہیں۔
اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چین کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں، وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیراعظم کو دورہ چین کی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چینی صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جبکہ چینی وزیرخارجہ،صدر،وزیراعظم اورآرمی چیف سے ملاقات بھی کریں گے،پاک چین دوستی کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہے اورپاکستان چین سے ملکر عالمی فورمز پر کام کرتا رہے گا۔شاہ محمود قریشی کا مزیدکہنا تھا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے ،چینی قیادت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،چین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پاکستان کی قربانیوں کو سراہے اور چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔