بیجنگ( سچ نیوز ) چین میں ماہرین اس شخص کی تلاش کے لیے تحقیق کر رہے ہیں جس کو سب سے پہلے کورونا وائرس لاحق ہوا تھا۔ اب اس تحقیق میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے اس مریض کا پتا چلا لیا ہے جس میں سب سے پہلے وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ لیک ہونے والی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ اس خاتون کا نام ’وی‘ (Wei)ہے جو ووہان کی گوشت کی مارکیٹ میں زندہ جھینگے فروخت کرتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ خاتون مارکیٹ کے قریب ہی رہتی تھی۔ 11دسمبر کو اسے بخار اور فلو ہوا تھا اور وہ ایک چھوٹے سے کلینک پر گئی اور دوا لی۔ تاہم 5دن بعد جب اس کا مرض شدید ہوا تو وہ ایک بڑے ہسپتال گئی۔ وہاں اس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سب سے پہلے کس شخص کو لاحق ہوا، یہ تاحال ایک راز ہے جس تک پہنچنے کی ماہرین کوشش کر رہے ہیں۔ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس 17نومبر کو اس پہلے انسان کو لاحق ہوا ہو گا جس کی انہیں تلاش ہے۔