جکارتہ (سچ نیوز ) انڈونیشیا میں ایک موٹے لڑکے نے اپنے موٹاپے کا مذاق اڑانے پر نوجوان پڑوسن کو قتل کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے ایک گائوں کے 27 سالہ علی ہیری نامی شخص کو اس کی ساتھی نے موٹا کہا اور اس کا موازنہ پہلوان سے کیا تھا، وزن سے متعلق تذلیل پر لڑکے کو سخت غصہ آیا اور اس نے 18 سالہ روسیدہ کو قتل کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ روسیدہ انڈونیشیا کے ایک گائوں میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی، مقتولہ اور ملزم علی ہیری ایک دوسرے کے پڑوسی تھے اور دونوں ایک دوسرے کو کافی سالوں سے جانتے تھے جب کہ دونوں ایک ہی ریسٹورینٹ میں کام بھی کرتے تھے۔مقامی گائوں کے پولیس چیف نے بتایا کہ مقتولہ روسیدہ نے سب کے سامنے علی ہیری کو موٹا کہنے کے ساتھ ساتھ ان کا موازنہ پہلوان سے کیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ملزم طیش میں آگیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم ایک ہفتے سے ساتھی لڑکی کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا جس کے بعد ایک دن وہ روسیدہ کو موٹرسائیکل پر گھر چھوڑنے کے بہانے ایک ویران جگہ لے گیا جہاں اس نے لڑکی کو قتل کرکے جلادیا۔پولیس نے لڑکی کے قتل کے الزام میں ملزم کو گرفتار کرلیا۔