کیف( سچ نیوز ) ایران نے گزشتہ دنوں غلطی سے یوکرین کا ایک مسافر طیارہ میزائل مار کر تباہ کر دیا تھا۔اس جہاز کے پائلٹ کی اہلیہ کے متعلق ایک حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق پائلٹ ولادی میر کی اہلیہ کترینا گیپونینکو روانگی سے قبل اپنے شوہر کی منتیں کرتی رہی تھی کہ وہ اس جہاز میں سوار نہ ہوں اور اسے نہ اڑائیں۔ کترینا کا کہنا تھا کہ اسے ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی کے باعث شدید خطرہ محسوس ہو رہا تھا۔ وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کا شوہر جہاز لے کر ایران کی فضائی حدود میں جائے۔
کترینا کا کہنا تھا کہ ”اس روز میرے شوہر نے مجھے کہا کہ ایران اور امریکہ کی کشیدگی کے باعث ممکن ہے کہ پرواز منسوخ ہو جائے لیکن جب پرواز منسوخ نہیں کی گئی تو مجھے شدید پریشانی لاحق ہو گئی۔ میں آخری وقت تک اسے جہاز اڑانے سے روکتی رہی لیکن اس نے مجھے جواب دیا کہ ’ہمیں مشکل صورتحال میں راہ فرار اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ اگر میں نہیں جاﺅں گا تو کوئی اور جائے گا۔‘مگر میں نے پھر بھی اسے روکنے کی کوشش کی مگر وہ نہیں مانا۔“واضح رہے کہ اس سانحے میں پائلٹ اور عملے سمیت 176افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔آنجہانی پائلٹ دو بیٹیوں کا باپ تھا۔