واشنگٹن( سچ نیوز )فوجی اڈے پر حملے کے تناظرمیں سعودی عرب سے تربیت کیلئے امریکا آنے والے ایک درجن سے زائد سعودی فوجیوں کو امریکا سے واپس بھجوانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلوریڈا میں امریکی نیول بیس پر زیر تربیت ایک درجن سے زائد سعودی فوجی اہلکاروں کو ان کے وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیاگیاہے تاہم ان فوجیوں پر چھ دسمبر کوتین امریکی فوجیوں کو قتل کرنے والے سعودی اہلکارکی مدد کا کوئی الزام نہیں ہے۔10دسمبرکوامریکی محکمہ دفاع نے اعلان کیا تھا کہ وہ نیول بیس پر حملے کے بعد تمام سعودی فوجیوں کی تربیت کا سلسلہ روک رہے ہیں تاہم وہاں موجود آٹھ سو پچاس سعودی ملٹری اسٹوڈنٹس کے حوالے سے تحقیقات کی گئی ہیں اور ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ایف بی آئی کے مطابق امریکا سمجھتا ہے کہ چھ دسمبر کو حملہ کرنے والا سعودی لیفٹیننٹ محمد سعید الشرمانی نے
ذاتی طور پر یہ حملہ کیاتھا۔رائٹرز کے مطابق اس معاملے پر ایف بی آئی اور سعودی سفارتخانے سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ چھ دسمبر کوفلوریڈا میں امریکی نیول بیس پر زیرتربیت سعودی لیفٹیننٹ محمد سعید نے امریکی فوجیوں پر فائرنگ کر کے تین اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا اور موقع پر موجود اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ماراگیا۔