اسلام آباد (سچ نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ اگر حکومت موجودہ رویے پر قائم رہی تو ہر قانون سازی ہوجائیگی ،حکومت ، وزیر اعظم جس بھی معاملے پر یہ رویہ رکھیں گے تو قانون سازی میں تعاون کیاجائے گا۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیونے کہا کہ حکومت نے جس طرح آرمی چیف کی مدت توسیع کے معاملے کوہینڈل کیاہے ، بہت بری طرح کیاہے ۔ اس معاملے پر کسی کوبھی کوئی اختلاف نہیں تھا بلکہ حکومت کاطریقہ کارغلط تھا ۔انہوں نے کہا کہ قانون میں مجوزہ ترامیم واپس لینا پارٹی قیادت کا فیصلہ ہے۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تمام قومی معاملات اورعوام کی بھلائی کے معاملات پر حکومت کے ساتھ تعاون کیاجائے گا ۔بہت سارے قوانین اور بھی ہیں جن پر ہماری پارٹی کو تحفظات تھے ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت موجودہ رویے پر قائم رہی تو ہر قانون سازی ہوجائیگی ۔ حکومت ، وزیر اعظم جس بھی معاملے پر یہ رویہ رکھیں گے تو قانون سازی میں تعاون کیاجائے گا۔