احمد آباد (سچ نیوز )بھارت میں 19 سالہ نوجوان نے مالک کی جانب سے زبردستی اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات قائم کروانے اور پھر ختم کروانے کے دباﺅ سے تنگ آ کر خود کشی کر لی اور خود سوزی کی وجوہات اس کی موت کے پانچ مہینے کے بعد سامنے آ گئی ہیں ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیاہے ۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق غیر شادی شدہ19 سالہ نوجوان کی موت کے پانچ مہینے کے بعد اس کے موبائل فون میں سے ملنے والے میسجز میں انکشاف ہوا کہ اس کی موت کی وجہ دماغی دباﺅ بنا جو کہ اس کے باس کی اہلیہ کے ساتھ جسمانی تعلقات کے باعث پیدا ہوا ، اس کا باس اسے اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات رکھنے کیلئے دباﺅ دیتا اور اور بات نہ ماننے کی صورت میں تنخواہ روک لیتا تھا ۔پولیس نے متاثرہ نوجوان” نیکھل پرمار“ کے باس اور اس کی اہلیہ کیخلاف مقدمہ درج کر لیاہے اور کارروائی کا آغاز کر دیاہے ۔
مقدمے میں بتایا گیاہے کہ نیکھل پرمار نے اکتوبر 2018 میں ” واسنا“ میں ایک فرم کو جوائن کیا جو کہ شادی کی سجاوٹ کیلئے سامان فراہم کرتی تھی ، تاہم دس ماہ گزرنے کے بعد نیکھل نے اپنے والد کو بتایا کہ اس کا مالک اور اس کی بیوی اسے حراساں کرتے ہیں اس لیے وہ وہاں نوکری نہیں کرنا چاہتا ۔
نیکھل کے والد نے اسے نوکری چھوڑنے کیلئے کہہ دیا لیکن جولائی 2019 میں نیکھل کو اس کے باس نے بلایا اور کہا کہ وہ آئے اور اپنی تنخواہ لے جائے ، نکھل اس سے ملنے کیلئے چلا گیا اور اس کے بعد نکھل نے اگلے روز اپنے والد کو بتایا کہ اس کا باس اسے دورے پر راجستھان لے جانا چاہتا ہے ۔
باس نے 20 جولائی کو نکھل کے والد کو فون کر کے بتایا کہ اس کے بیٹے نے گودام میں لٹک کر خود کشی کر لی ہے۔موت کے پانچ مہینے کے بعد نکھل کی بہن نشا اور بھائی سنجے نے اس کا موبائل فون چیک کیا جس میں باس کے ساتھ نکھل کی گفتگو کے پیغامات دیکھ کر ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی ۔
موبائل فون پر موجود میسج کے مطابق نکھل نے اپنے باس کو پیغام بھیجا کہ ” آپ نے مجھے کہا کہ میری اہلیہ کے ساتھ تعلقات قائم کرو اور اسے اپنے پیار میں پھنسا لو ، میں نے آپ کی بات مانی اور وہ مجھ سے محبت کرنے لگ گئی ، اب ہم ناجائز تعلق میں ہیں اور آپ چاہتے ہیں کہ تعلقات کو ختم کر دیا جائے ، اور آپ نے مجھے دھمکی دی ہے کہ اگر میں نے ایسا نہیں کیا تو آپ مجھے میری تنخواہ بھی نہیں دیں گے ، مہربانی فرما کر مجھ سے ایک غلام کی طرح پیش نہ آئیں ، مجھ پر کچھ رحم کریں ۔“
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 45 سالہ باس نے نکھل کو اپنی25 سالہ بیوی کے ساتھ تعلق قائم کرنے پر مجبور کیا اور پھر اسے تعلقات کو ختم کرنے کیلئے کہا لیکن جب نکھل نے لڑکی کو بتایا کہ وہ اب یہ رشتہ قائم نہیں ر کھ سکتا تو وہ شدید ناراض ہو گئی اور اس نے زبان درازی بھی کی ۔
45 سالہ شخص کی 25 سالہ بیوی مسلسل نکھل کو تعلق قائم رکھنے کیلئے مجبور کرتی رہی لیکن اب اس کے شوہر نے نکھل کو خبردار کر دیا تھا کہ وہ اس سے دور رہے ، نکھل یہ دباﺅ برداشت نہیں کر سکا اور اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔