کراچی: (سچ نیوز) کراچی میں اینٹی سٹریٹ کرائم فورس اور سولجر بازار پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والے کو گرفتار کرلیا۔ ملزم حساس اداروں کے جوانوں، سیاسی کارکنوں، سرکاری ملازمین سمیت دیگر افراد کے قتل کی 96 وارداتوں میں ملوث ہے۔
ملزم یوسف عرف ٹھیلے والے کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ٹارگٹ کلر ٹھیلے پر لاشوں کو ٹھکانے لگاتا تھا۔ گرفتار ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کئے اور کہا سابق ایم کیو ایم سربراہ فاروق ستار نائن زیرو پر رہائش کا بندوبست کرواتے تھے، قیادت کے کہنے پر وارداتیں کرتا تھا۔
فاروق ستار نے الزام کی فوری تردید کر دی اور کہا یوسف ٹھیلے والے کو نہیں جانتا، یہ میرے خلاف سازش ہے۔ پولیس کے مطابق 1995 سے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم 1996 میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار جبکہ 1997 میں رہا ہوا۔ ملزم سمیت 50 ٹارگٹ کلرز ایسے ہیں جو گرفتار ہو کر پے رول پر رہا ہوئے اور پھر لاپتہ ہوگئے۔