پیرس (سچ نیوز) یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک چاقو بردار شخص نے سنٹرل پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرکے 4 پولیس افسران کو ہلاک کردیا۔ حملہ کرنے والا بھی پولیس اہلکار ہی تھا جو ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔بدھ کے روز فرانس بھر میں پولیس نے افسران کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر ہڑتال کی تھی۔ جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، وزیر اعظم ایڈورڈ فلپ اور وزیر داخلہ کرسٹوفر کاستنر نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے۔پیرس کے میئر اینی ہدالگو نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں کچھ لوگ مارے گئے ہیں اور یہ واقعہ معروف سیاحتی مقامات کے قریبی علاقے میں پیش آیا، جائے وقوعہ سے کچھ ہی فاصلے پر مشہور زمانہ نوترے ڈیم چرچ بھی واقع ہے۔فرانسیسی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی عمر 45 سال تھی اور وہ پولیس کے محکمے میں انتظامی امور کے شعبے سے 20 سال تک وابستہ رہا ہے، حملہ آور پولیس کے انٹیلی جنس ڈویژن کا حصہ تھا۔حملہ آور نے 2 افراد کو 2 دفاتر کے اندر قتل کیا، تیسرے کو سیڑھیوں پر اور چوتھے کو اس کورٹ یارڈ میں قتل کیا جہاں اسے بھی گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جب حملہ ہوا تو اس نے پولیس افسران کو ڈر کر بھاگتے ہوئے دیکھا بعد میں گولیاں چلنے کی آواز آئی تو مجھے بہت زیادہ حیرت ہوئی کیونکہ یہ ایسا علاقہ نہیں ہے جہاں اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں۔