سکھر: (سچ نیوز) خورشید شاہ کو ہفتے کی صبح قومی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ کے باہر موجود رہی۔
تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کو نیب کی ٹیم نے اسلام آباد سے سکھر پہنچا دیا ہے۔
انہیں سخت سیکیورٹی کے حصار میں سکھر ایئرپورٹ کے پچھلے راستے سے نیب آفس لے جایا گیا، جہاں پر انہیں رات بھر رکھا جائے گا اور صبح کے وقت انہیں قومی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خورشید شاہ کو اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 631 کے ذریعے سکھر لایا گیا تھا۔ ان کی آمد کے موقع پر سکھر انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ایئرپورٹ اور نیب آفس کی طرف آنے جانے والی سڑکیں رکاوٹ کھڑی کرکے بند کر دی گئی تھیں۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی جبکہ خورشید شاہ کی آمد کی اطلاع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پہنچی تاہم انہیں اس طرف آنے بھی نہیں دیا گیا، جس پر کارکنوں نے روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرے بھی کیے اور نیب کے خلاف نعرہ بازی بھی کی گئی۔
خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے سید فرخ شاہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس شاہ اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ ودیگر انھیں ملنے کے لیے نیب آفس پہنچے لیکن ان کو بھی اندر نہیں جانے دیا گیا۔