نئی دلی (سچ نیوز) بھارت کی سابق وزیر خارجہ سشما سوراج حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئی ہیں، انہوں نے اپنے انتقال سے تین گھنٹے پہلے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ٹویٹ کیا تھا۔بھارت کی سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کو دل کی تکلیف کے باعث آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز نئی دلی لایا گیا تھا جہاں وہ حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئیں۔ سشما سوراج کا انتقال 67 برس کی عمر میں ہوا، وہ 7 مرتبہ رکن پارلیمان منتخب ہوئیں اور گزشتہ دور حکومت میں بھارت کی وزیر خارجہ کے طور پر خدمات سر انجام دیتی رہیں۔اپنے انتقال سے تین گھنٹے قبل انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی تقسیم کا بل لوک سبھا سے منظور ہونے کے حوالے سے ٹویٹ کیا تھا۔ سشما سوراج نے مقبوضہ کشمیر کی تقسیم اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عمر بھر اس لمحے کا انتظار کرتی رہی ہیں، انہوں نے یہ متنازعہ بل منظور کرانے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔خیال رہے کہ لوک سبھا 2019 انتخابات میں سشما سوراج اپنی بیماری کے باعث حصہ نہیں لے پائی تھیں، ان کے گردوں کی پیوند کاری کے باعث ان کی صحت نے انہیں سیاست میں ایکٹو رہنے کی اجازت نہیں دی تھی۔