جکارتہ (سچ نیوز) افغان طالبان کے مذاکراتی وفد نے امن مذاکرات کے سلسلے میں انڈونیشیا کا دورہ کیا ہے جہاں وہ مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد میں بھی گئے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان کے مذاکراتی وفد نے ملا عبدالغنی برادر اخوند کی قیادت میں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں مشرقی ایشیا کی سب سے بڑی مسجد کا دورہ کیا۔ طالبان کے وفد نے مسجد کے امام اور مقامی لوگوں سے ملاقات بھی کی۔ اس دوران وفد کے ہمراہ بڑی تعداد میں انڈونیشین حکام بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ طالبان کا مذاکراتی وفد جمعہ کے روز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ پہنچا تھا۔ 8 رکنی طالبان کے وفد کی قیادت تنظیم کے نائب امیر اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر کر رہے ہیں۔
اپنے دورے کے دوران طالبان رہنماﺅں نے انڈونیشیا میں اہم ملاقاتیں کی ہیں جن میں افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔