پشاور: (سچ نیوز) ڈی آئی خان میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر پولیس حکام اور صوبائی حکومت نے حوصلے بلند ہونے کے عزم کو دہراتے ہوئے دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ اور خود کش حملہ کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید جبکہ 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔ شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔
شہید اہلکاروں کو اس موقع پر سلامی پیش کی گئی اور پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر نعیم خان نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہادتیں خیبر پختونخوا پولیس کی روایات میں شامل ہیں۔ پولیس شہدا کے نماز جنازہ میں پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران اور اہلکاروں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔