بیجنگ(سچ نیوز) حال ہی میں امریکی حکومت کے کہنے پر گوگل سمیت کئی امریکی کمپنیوں نے چینی کمپنیوں کے ساتھ معاملات ختم کر دیئے تھے۔ اب چینی حکومت نے بھی کچھ امریکی کمپنیوں کے خلاف ایسا ہی اعلان کر کے امریکیوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق چینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی جو کمپنیاں تائیوان کو ہتھیار فروخت کر رہی ہیں، چینی حکومت اور چینی کمپنیاں ان امریکی کمپنیوں کے ساتھ تعلقات ختم کر دیں گی۔رپورٹ کے مطابق چین کی طرف سے اس اعلان پر عمل درآمد کیا جاتا ہے کہ تو امریکہ کی ٹینک انجن بنانے والی کمپنی ’ہنی ویل‘ (Honeywell) اور پرائیویٹ جیٹ میکر ’گلف سٹریم‘ (Gulfstream)سمیت کئی امریکی کمپنیاں زد میں آئیں گی۔واضح رہے کہ چین تائیوان کو اپنا حصہ گردانتا ہے اور اس نے کبھی اس امکان کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا کہ وہ تائیوان کو طاقت کے زور سے واپس بیجنگ کے کنٹرول میں لے سکتا ہے۔ چین کی طرف سے اکثر کہا جاتا رہتا ہے کہ ”امریکہ اور چین کے تعلقات میں تائیوان سب سے حساس مسئلہ ہے۔“