نیویارک(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اداکاری کے میدان میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد اب سیاست میں آنے اور بھارت کی وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔ سنڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ”مجھے امید ہے کہ ایک روز میں بھی الیکشن لڑوں گی اور بھارت کی وزیراعظم بنوں گی۔ میں یہ بھی چاہتی ہوں کہ میرے شوہر نک جونس بھی امریکہ کا صدارتی الیکشن لڑیں، کیونکہ ہم دونوں دنیا میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔“پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ ”سیاست سے وابستہ کچھ چیزیں اور باتیں مجھے بالکل بھی اچھی نہیں لگتیں لیکن میں سمجھتی ہوں کہ کبھی کسی بھی چیز سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔ میری اور جونس کی شدید خواہش بھی ہے کہ ہم دنیا کے لیے کچھ اچھا کریں اور ایک تبدیلی لے کر آئیں۔“اپنے اس انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے برطانوی شاہی خاتون کی بہو اور اپنی سہیلی میگھن مارکل کے مطابق بھی بات کی اور کہا کہ ”میگھن مارکل کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جب سے وہ شہزادہ ہیری کے ساتھ تعلق کی وجہ سے خبروں میں آئی ہے لوگ اس کے متعلق نسل پرستانہ منافرت کا اظہار کر رہے ہیں۔تاہم میری دوست اتنی مضبوط ہے کہ وہ ایسی تنقید کو برداشت کر سکتی ہے۔“