اسلام آباد(سچ نیوز) جاپان نے پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کی پیشکش کی ہے،جاپان پاکستان کو ڈیزاسٹر وارننگ سسٹم کی تنصیب اور موسمیاتی تبدیلی کی آگاہی میں مدد فراہم کرے گا۔ جاپان اپنے تینوں بڑے کار ساز اداروں کو پاکستان میں برقی گاڑیوں کی صنعت میں دلچسپی لینے کیلئے کہے گا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات جاپانی سفیر جناب کونینوری متسودہ نے وزیر اعظم کے مشیربرائے موسمیاتی تبدیلی جناب امین اسلم سے ایک ملاقات میں کیا۔ بروز جمعہ جاپانی سفیر نے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کے دفتر میں ان سے ملاقات کی اور موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور تعاون کا یقین دلایا۔ مشیر برائے موسمیاتی تغیرات نے جاپانی پیشکش کو سراہا اور جاپان کی جانب سے فضائی آلودگی کی پیمائش کے آلات کی فراہمی کا شکریہ ادا کیا۔
امین اسلم نے کہا کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ گذشتہ چند سالوں سے پاکستان خصوصا ًلاہور میں فضائی آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ موجودہ حکومت بدلتے ہوئے موسمی حالات سے با خبر ہے اور اس کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کمر بستہ ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے برقی گاڑیوں کی صنعت کے قیام کیلئے پالیسی سازی کی ہدایت کی ہے جوکہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ آئندہ برسوں میں پاکستان کے پاس بجلی کی رسد کھپت سے زیادہ رہنے کی توقع ہے جبکہ روائتی گاڑیوں کے پیداواری یونٹ بھی کثیر تعداد میں نہیںجس کی وجہ سے برقی گاڑیوں کی صنعت کے فر وغ کیلئے حوصلہ افزا ماحول پیدا ہوگا۔
ملاقات میں جاپانی سفیر نے پاکستانی ماہرین کی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تربیت، اکیڈمی کے قیام، سیمینار اور ورکشاپس کے انعقاد کی بھی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی ماہرین جنگلات کی بحالی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جو کہ پاکستانی ماہرین کی تربیت میں کار آمد ثابت ہو سکتا ہے۔