بیجنگ (سچ نیوز) امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی جنگ میں شدت آ رہی ہے۔ امریکا کی جانب سے ہواوے کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد سے دونوں ملک ایک دوسرے کیخلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، تازہ ترین اقدام کرتے ہوئے چین کی معروف کمپنی ہواوے نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں کام کرنے والے امریکی ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرتے ہوئے کمپنی کے باقی ملازمین سے کہا ہے کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ اپنی طے شدہ ملاقاتیں منسوخ کر دیں۔ ہواوے کے حکمت عملی مرتب کرنے والے ادارے کے سربراہ ڈینگ وین شونگ کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے چائنیز ٹیلی کام کمپنی (ہواوے) کو بلیک لسٹ کیے جانے کے دو ہفتوں بعد امریکی ملازمین کو فارغ کر دیا گیا۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق، ہواوے کے ہیڈکوارٹرز میں ایک امریکی حکام کے ساتھ جاری کانفرنس فوری طور پر روک دی گئی جبکہ تقریب میں شریک دیگر غیر ملکیوں سے کہا گیا کہ وہ اپنا لیپ ٹاپ اور سامان لے کر چلے جائیں۔ یاد رہے کہ بدھ کو چین نے عالمی ادارے میں ایک مقدمہ دائر کیا ہے جس میں امریکا کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت اس نے چائنیز ٹیلی کام کمپنیوں اور ساز و سامان بنانے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کیا ہے۔