اسلام آباد: (سچ نیوز) ایل این جی کیس تحقیقات کے سلسلے میں شاہد خاقان عباسی نیب آفس پیش ہوگئے، سابق وزیراعظم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی سربراہی ملک زبیر کر رہے ہیں، نیب ٹیم نے شاہد خاقان عباسی کا بیان ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی نیب کی جانب سے طلب کردہ ریکارڈ ساتھ نہ لا سکے۔
شاہد خاقان عباسی نے درخواست کی کہ نیب مطلوبہ ریکارڈ لانے کے لیے مزید مہلت دے، نیب ایل این جی معاہدے پر جو ریکارڈ مانگے کا فراہم کر دوں گا۔ نیب ٹیم نے کہا آپ کو اس کیس میں چوتھی مرتبہ طلب کیا ہے، مطلوبہ ریکارڈ نیب کو کیوں فراہم نہیں کر رہے، جو جواب تحریری طور پر لائے ہیں وہ زبانی بھی بتائیں۔
یاد رہے نیب نے شاہد خاقان عباسی کو مارچ کے دوسرے ہفتے میں طلب کیا تھا، سابق وزیر اعظم نے بیرون ملک ہونے کے باعث پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے مارچ کے آخری ہفتہ میں تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔ شاہد خاقان عباسی کو 75 سوالوں پر مبنی سوالنامہ بھی دیا گیا تھا۔