تل ابیب(سچ نیوز) اسرائیل میں ماہرین آثارقدیمہ نے ایک اتنا قدیم شہر دریافت کر لیا ہے کہ انسانی تاریخ کا علم ہی تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔ اے بی سی 6کے مطابق یہ شہر یروشلم کے قریب واقع ہے جس کے متعلق ماہرین آثارقدیمہ کا کہنا ہے کہ یہ 9ہزار سال قدیم ہے۔ یہ ایک بھرا پرا شہر تھا جس میں سینکڑوں گھر موجود تھے اور ان کے کھنڈرات اب دریافت ہوئے ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ”یہ شہر اتنا بڑا تھا کہ اس دور میں ممکنہ طور پر اس کی آبادی 3ہزار نفوس سے زائد ہو گی۔ یہاں سے ہزاروں تیروں کے بھالے، زیورات اور سینکڑوں مورتیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔شہر میں ایک بڑا سٹوریج شیڈ بھی موجود تھا جس میں اس شہر کے لوگ بڑی تعداد میں بیج سٹور کیا کرتے تھے۔ یہ بہت اہم دریافت ہے کیونکہ اس سے ہمارا پتھر کے دور کے زمانے کے متعلق علم تبدیل ہو کر رہ جائے گا۔ اس شہر کی دریافت سے معلوم ہوا ہے کہ اس پتھر کے دور میں بھی لوگ آج کی طرح جدید شہری آبادیوں میں رہتے تھے اور کھیتی باڑی کرتے تھے۔ “