نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی پولیس نے نیوی کے 7اہلکاروں اور ممبئی کے ایک حوالہ آپریٹر کو پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ 8لوگ فیس بک پر ملنے والی لڑکیوں کے آگے دل ہار بیٹھے اور انہیں ملکی راز بتا دیئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکیوں کے وہ اکاﺅنٹ دراصل جعلی تھی اور پاکستانی خفیہ ایجنسی کے لوگوں نے بنا رکھے تھے جنہوں نے بھارتی نیوی کے ان اہلکاروں کو بے وقوف بنایا اور ان سے اہم معلومات لینے میں کامیاب ہو گئے،
ان آٹھوں لوگوں کو بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے)کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے انہیں3جنوری تک جوڈیشل ریمارڈ پر بھیج دیا ہے۔ تفتیش کاروں نے عدالت میں بتایا کہ نیوی کے 7اہلکار 2017ءمیں بھرتی ہوئے تھے اور ستمبر 2018ءسے اہم معلومات پاکستان کو دے رہے تھے، جن میں نیوی کے جہازوں اور آبدوزوں کی لوکیشن اور دیگر معلومات شامل تھیں۔ممبئی سے پکڑا گیا حوالہ آپریٹر براہ راست آئی ایس آئی کا ایجنٹ تھا۔ ان تمام لوگوں کو معلومات دینے کے عوض رقم بھی دی جا رہی تھی۔