ممبئی (سچ نیوز) بالی ووڈ کے دبنگ خان ہندی سینماکے سب سے بڑے سپر سٹار ہیں جن کے ایک اشارے پر کسی کا بھی کیریئر بن اور بگڑ سکتا ہے۔ سلمان خان نے خود تو شادی نہیں کی لیکن دوستوں اور اہلخانہ کے معاملے میں وہ کافی فراخ دل واقع ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی فیملی کو ایک ہی چھت تلے رکھا ہوا ہے۔ سلمان خان کی ذاتی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو وہ اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔سلمان خان کی دولت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جو سائیکل استعمال کرتے ہیں اس کی قیمت 4 لاکھ روپے ہے۔
بھارتی ٹی وی نیوز 18 کے مطابق سلمان خان نے اپنی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر ممبئی کے ساحل پر 500 ایکڑ کا فارم ہاﺅس خریدا ہے جس میں جِم، سوئمنگ پول، بچوں کیلئے پلے ایریا اور تھیٹر سمیت بہت کچھ ہے۔ ان کے اس فارم ہاﺅس کی مالیت 100 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔علاوہ ازیں سلمان خان کے پاس پنویل فارم ہاﺅس بھی ہے جو 150 ایکڑ کے رقبے پر محیط ہے اور وہ اکثر پارٹیاں اسی جگہ کرتے ہیں، ان کے اس فارم ہاﺅس کی مالیت 80 کروڑ روپے کے قریب ہے۔ دبنگ خان اپنی فیملی کے ہمراہ گلیکسی اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں لیکن ابھی انہوں نے ایک 11 منزلہ عمارت میں سرمایہ کاری کی ہے جس کی کنسٹرکشن جاری ہے، جیسے ہی عمارت کی تعمیر مکمل ہوگی تو خان فیملی اس میں شفٹ ہوجائے گی۔
سلمان خان کے پاس ایک لگژری کشتی بھی ہے جو انہوں نے 3 کروڑ روپے میں خریدی تھی جبکہ ان کے پاس گینٹ پروپل 2014 ایکسٹیسی سائیکل ہے جس کی قیمت 4 لاکھ روپے ہے۔ سلمان خان گاڑیوں کے بھی شوقین ہیں اور انہوں نے مجموعی طور پر لگ بھگ 15 کروڑ روپے مالیت کی گاڑیاں جمع کر رکھی ہیں۔ ان کے پاس مرسڈیز بینز جی ایل کلاس (تقریباً 80 لاکھ)، مرسڈیز بینز ایس کلاس ( تقریباً 82 کروڑ)، اوڈی اے 8 ایل (ایک کروڑ 13 لاکھ)، بی ایم ڈبلو ایکس 6 (ایک کروڑ 15 لاکھ)، ٹویوٹا لینڈ کروزر(ایک کروڑ 29 لاکھ )، اوڈی آر ایس 7(ایک کروڑ 40 لاکھ )، رینج روور(2 کروڑ 6 لاکھ )، آڈی آر 8 (2 کروڑ 31 لاکھ )، لکسس ایل ون 470 (2 کروڑ 32 لاکھ ) موجود ہیں۔
سلمان خان ہیوی بائیکس کا بھی شوق رکھتے ہیں اسی لیے انہوں نے اپنے پاس انتہائی مہنگی موٹرسائیکلیں جمع کر رکھی ہیں۔ ان کے پاس تقریباً 16 لاکھ روپے مالیت کی ہایابوسا بائیک ہے۔ اس کے علاوہ یا ماہا آر1 (15لاکھ)، سوزوکی جی ایکس آر 1000زیڈ (16 لاکھ) اور سوزوکی ایم 1800 آر زیڈ تقریباً 16 لاکھ روپے کی ہے۔خیال رہے کہ سلمان خان کے اثاثوں کی جو قیمت اوپر بیان کی گئی ہے وہ بھارتی روپوں میں لکھی گئی ہے، اگر قارئین اس کا موازنہ پاکستانی روپوں میں کرنا چاہتے ہیں تو ہر چیز کا ریٹ ڈبل کرتے چلے جائیں۔