کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن کے تمام کالجز میں صفائی کی خصوصی مہم جاری ہے اور تمام بوائز اینڈ گرلز کالجز روزانہ صفائی کو یقینی بنا رہے ہیں

ساہیوال( سچ نیوز )کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن کے تمام کالجز میں صفائی کی خصوصی مہم جاری ہے اور تمام بوائز اینڈ گرلز کالجز روزانہ صفائی کو یقینی بنا رہے ہیں ،طلبا و طالبات کو خصوصی لیکچرز کے ذریعے صفائی کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جا رہاہے اور موسم بہار کی شجر کاری مہم کے لئے ٹارگٹ بھی مختص کر دیئے گئے ہیں تا کہ ڈویژن بھر کے کالجز کو مزید خوبصورت اور سر سبز بنایا جا سکے-یہ بات ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن شباب فاطمہ نے جاری مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے ایک پریس ریلیز میں بتائی -انہو ںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے صوبے میں صفائی مہم کی ہدایات پر ڈویژن کے تمام کالجز میں من و عن عمل کیا جا رہاہے اور انتظامی عملہ روزانہ کی بنیاد پر جاری سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کر رہا ہے -انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاﺅ کی حفاظتی تدابیر کے بارے میں بھی طلبا و طالبات کو خصوصی لیکچرز دیئے جا رہے ہیں تا کہ وہ نہ صرف کالج بلکہ اپنے گھروں اور محلوں کی صفائی میں بھی مدد گار ہوں -ڈائریکٹر کالجز شباب فاطمہ نے مزید بتایا کہ موسم بہار کی شجر کاری مہم میں تمام کالجز کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کی بھر پور شرکت کا تفصیلی پروگرام بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں نئے پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جائیں گے-

Exit mobile version