نئی دہلی( سچ نیوز )بھارت میں 3سال تک 16مردوں کی جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی معصوم لڑکی جان کی بازی ہار گئی۔ دی سن کے مطابق اس 8سالہ لڑکی کو گزشتہ دنوں اس کے ماں باپ ہسپتال لائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی باتھ روم گئی اور کافی دیر تک جب باہر نہ نکلی تو انہوں نے آوازیں دیں اور جواب نہ پا کر دروازہ توڑ دیا۔ اندر بچی بے ہوش پڑی تھی۔ والدین نے بتایا کہ بچی کافی دن سے پیٹ میں درد ک شکایت کر رہی تھی۔ ہسپتال پہنچتے ہی ڈاکٹروں نے بچی کی موت کی تصدیق کر دی۔رپورٹ کے مطابق اس بچی کے ساتھ 16مردوں کی تین سال تک زیادتی کا کیس گزشتہ سال سامنے آیا تھا۔ ان درندوں میں اکثریت اس بچی کے رشتہ داروں کی تھی۔ بچی کے سوتیلے باپ کا کہنا تھا کہ ان کی بڑی 10سالہ بیٹی کو بھی اسی عرصے کے دوران یہ مرد جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ دونوں میاں بیوی جب کام پر چلے جاتے تو یہ درندے گھر میں گھس جاتے اور دونوں بہنوں کو نوچتے رہتے۔ ماں باپ نے دونوں بچیوں کے روئیے میں تبدیلی دیکھ کر ان سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے اپنے ساتھ ہونے والے سلوک کے متعلق بتایا۔ تمام 16ملزمان پولیس کی حراست میں ہیں۔