نئی دہلی(سچ نیوز) بھارتی ریاست گجرات میں ہر سال کی طرح اس سال بھی گزشتہ روز یتیم بچیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب ہوئی اور اس سال اس تقریب میں 271دلہنوں کو پیا گھر رخصت کیا گیا۔
میل آن لائن کے مطابق گجرات کے شہر سورت میں ہونے والی اس تقریب کا انتظام و انصرام ہیروں کے تاجر مہیش شیوانی نے کیا۔ مہیش شیوانی 2010ءسے ہر سال یتیم بچیوں کی شادی کا انتظام کرتے آ رہے ہیں۔ اس سال ان 271دلہنوں میں 5مسلمان لڑکیاں بھی شامل تھیں جبکہ ایک لڑکی کا تعلق نیپال سے تھا۔ دلہنوں میں سے کچھ دیگر ریاستوں سے بھی آئی تھیں۔ ان میں دو دلہنیں اترپردیش، پانچ مہاراشٹر اور ایک ایک جھاڑ کھنڈ اور اوڑیسا سے تھیں۔
اپنے اس نیک عمل کے متعلق بات کرتے ہوئے مہیش شیوانی کا کہنا تھا کہ ”یہ میری سماجی ذمہ داری ہے کہ میں یتیم بچیوں کا خیال رکھوں اور ان کی شادیاں کرواﺅں۔ ان یتیم بچیوں کی مدد کرنا ایک نعمت ہے۔ “ رپورٹ کے مطابق 2010ءمیں جب مہیش شیوانی نے پہلی بار اس تقریب کا اہتمام کیا تو صرف 23دلہنیں اس میں شامل تھیں۔ تاہم اب ہر سال دلہنوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور رواں سال ریکارڈ 271دلہنوں کی اجتماعی شادی کروائی گئی۔ان 9سالوں میں مہیش شیوانی 3ہزار 172یتیم بچیوں کی شادیاں کروا چکے ہیں۔اس تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جن میں زرق برق عروسی لباس میں خوش و خرم دلہنوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔