نئی دہلی(سچ نیوز) قاتل گیم بلیو وہیل نے بھارت میں ایک اور نوجوان لڑکی کی جان لے لی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس خونی گیم کا نیا شکار ناگ پور کی 17سالہ لڑکی ہوئی ہے جس نے اپنے گھر میں چھت کے پنکھے کے ساتھ پھندہ لے کر اپنی زندگی ختم کی۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک حیران کن چیز دیکھی۔ اس لڑکی کی کلائی پر لکھا تھا کہ ”باہرنکلنے کے لیے یہاں سے کاٹیں۔“پولیس انسپکٹر وجے تیلور کا کہنا تھا کہ ”لڑکی کی کلائی پر لکھی تحریر سے اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکی نے بلیو وہیل گیم کی وجہ سے ہی خودکشی کی۔ تاہم معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔“رپورٹ کے مطابق لڑکی کا باپ بھارتی ایئرفورس کا ریٹائرڈ ملازم ہے۔ اس نے بتایا کہ ”میری بیٹی موبائل فون گیمز کی عادی تھی تاہم ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ ایسی خطرناک گیمز کھیل رہی ہے۔ کچھ دنوں سے ہم نے اس میں ایک تبدیلی محسوس کی تھی کہ وہ شدید ڈپریس رہنے لگی تھی۔“