ووہان ( سچ نیوز ) چین میں پھیلے کرونا وائرس کے آگے ابھی تک بند نہیں باندھا جاسکا اور ہر روز اس وائرس کے متعدد نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن ڈیٹاکے مطابق 15 فروری تک کرونا وائرس کے 67 ہزار 99 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 527 ہوگئی ہے۔ہفتہ کے روز جاری کیے جانے والے ڈیٹا کے مطابق کرونا وائرس سے اب تک 8 ہزار 96 مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ایمرجنسی پروگرام کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے بتایا ہے کہ اس وقت چین میں کرونا وائرس کے مریضوں کا 82 طریقوں سے علاج کیا جارہا ہے۔ ان میں سے بعض طریقوں میں ایڈز کی ادویات بھی استعمال کی جارہی ہیں، کچھ تجربات کے آئندہ 2 سے 3 ہفتوں میں نتائج سامنے آجائیں گے۔