اسلام آباد: ( سچ نیوز) ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔
سچ نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا فواد چودھری، افتخار درانی، شیریں مزاری، فردوس عاشق اعوان، عثمان ڈار، شبلی فراز، مراد سعید اور حماد اظہر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سابق وزیر عبدالعلیم خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے این آر او کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی یا ن لیگ سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حکومتی موقف عوام تک بھرپور انداز سے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔