چینی قونصلیٹ پر حملے کا سہولت کار شارجہ سے گرفتار

کراچی: (روزنامہ سچ ) سہولت کار حملے کے وقت کراچی میں تھا، معاونت کیلئے 9لاکھ روپے دیئے گئے۔ کراچی سے خود کش حملہ آور اور کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم سرغنہ بھی گرفتار کر لیا گیا۔

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس نے چینی قونصلیٹ پر حملے کا سہولت کار شارجہ سے گرفتار کر لیا جبکہ مختلف کارروائیوں کے دوران خود کش حملہ آور، کالعدم جماعت کے دہشت گرد اور ایک ٹارگٹ کلر سمیت 8 ملزم گرفتار کر لیے گئے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ چینی قونصلیٹ حملہ کیس کا مرکزی سہولت کار اس واردات کے وقت کراچی میں تھا۔ اسے حملے میں معاونت کے لیے 9 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔ اس نے پانچوں ملزموں کو رقوم فراہم کیں۔ اسے شارجہ میں سی ٹی ڈی کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر رحمان عرف استاد جی کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے دو کلو گرام دھماکا خیز مواد، 6 ٹینس بال بیئرنگ بم، 2 پریشر ککر بم، ایک ریموٹ کنٹرول، ایک دستی بم، ایک پستول، 3 میٹر ڈیڈ کورڈ، نٹ بولٹ اور کیلیں برآمد ہوئیں۔

عبداللہ شیخ نے مزید بتایا کہ ملزم نے افغانستان سے تربیت حاصل کی اور پریشر ککر بم، ٹینس بال بم اور موٹر سائیکل بم بنانے کا ماہر ہے۔ رحمان عرف استاد جی کو ٹی ٹی پی سوات کے ملا فضل اللہ گروپ کے کمانڈر شیر بہادر کی ہلاکت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ رحمان عرف استاد جی 2 دھماکوں کے علاوہ سابق پولیس افسران کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ سی ٹی ڈی نے قوم پرست جماعت کے پاکستان میں اہم سرغنہ رمیش کو گرفتار کیا۔ ملزم جامشورو سے نیٹ ورک چلاتا تھا۔ وہ بھارت سے تربیت یافتہ ہے۔ رمیش کمار شفیع برفت گروپ کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

ان کے مطابق ملزم تعلیم یافتہ اور کریکر بنانے کا ماہر ہے۔ ملزم بی ایل اے کے کارندوں سے رابطے میں تھا۔ سی ٹی ڈی نے تیسری کارروائی میں خود کش بمبار محمد فہیم عرف محمد عرف محمد صاحب کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے ایک دستی بم اور پستول برآمد ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم تاجک باشندہ ہے اور افغانستان میں سکونت پذیر رہا ہے۔ سی ٹی ڈی نے چو تھی کارروائی میں ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر محمد علی شاہ عرف موٹا ولد محمد اختر علی کو گرفتار کر کے پستول برآمد کیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ کرائے کے قاتل کی حیثیت سے بھی وارداتیں کرتا رہا ہے۔

Exit mobile version