برلن (سچ نیوز )مغربی جرمنی کے شہر ڈورٹمنڈ میں دوسری جنگِ عظیم کے بموں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد شہر سے 14 ہزار افراد کا انخلاء کر کے 2 بموں کو ڈھونڈ لیا گیا۔
حکام نے خبردار کیا تھا کہ اتحادی فوج کی جانب سے جنگ کے دوران گرائے جانے والے ناپھٹنے والے بم شہر کی زائد آبادی والے حصے کے چار مقامات پر دفن ہوسکتے ہیں۔ڈورٹمنڈ شہر کے سرکاری ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا تھا کہ تعمیراتی کام کے دوران مزدوروں کو اس حوالے سے کچھ پتاچلا ہے۔
اطلاع کے بعد بم کی تلاش کرنے کا عمل شروع ہوا جس کے بعد 250 کلو گرام وزنی 2 ( برطانوی اور امریکی) بم ملے جسے محفوظ بنا دیا گیا جب کہ مزید 2 بموں کو بھی تلاش کیا گیا لیکن وہ نہ مل سکے۔واضح رہے کہ جرمنی میں اس سے قبل بھی گزشتہ سال ستمبر میں شہر ہینوور سے دوسری جنگِ عظیم کا 250 کلو گرام وزنی بم ملا تھا۔