لاہور: ( سچ نیوز) سپریم کورٹ نے رائل پام کلب انتظامیہ تحلیل کر دی، عدالت نے میسی فرگوسن کمپنی کو رائل پام کلب کے انتظامات سونپ دیئے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پرانی انتظامیہ کلب کی حدود میں داخل نہیں ہو سکے گی، ریلوے سے متعلق کوئی بھی ریکارڈ رائل پام کلب سے باہر نہیں جائے گا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی لگا رہے ہیں، ریلوے کی زرعی اراضی لیز کیلئے 3 سالہ مدت سے زائد دینے پر بھی پابندی عائد کر رہے ہیں، اگر اضافی اراضی صوبوں کو دے دی گئی تو صوبے بھی اراضی بیچ دیں گے، ریلوے کی اراضی ریلوے کے پاس ہی رہنے دیں گے، اگر صوبوں کو اعتراض ہے تو قانون کے مطابق درخواست دائر کریں۔
چیف جسٹس نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ رمضان شیخ اور انکی مینجمنٹ رائل پام کلب کا قبضہ فرگوسن کمپنی کے حوالے کرے، آج کے بعد میسی فرگوسن کمپنی رائل پام کلب کی مینجمنٹ بھی سنبھالے گی، مکمل فرانزک آڈٹ ہونے تک کلب ریلوے کے پاس اور نہ ہی شیخ رمضان کے پاس ہو گا۔