ولنگٹن(سچ نیوز) نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے رشوت کی پیشکش ٹھکرا دی۔ انہیں یہ رشوت کس نے اور کیوں دی اور رشوت کی رقم کتنی تھی؟ جوابات جان کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ نیوز ویب سائٹ newshub.co.nz کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کو رشوت کی یہ آفر ایک 11سالہ لڑکی نے کی تھی۔ اس لڑکی نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا جس میں انہیں کہا کہ وہ ڈریگن اور فزکس کے متعلق تحقیق کروائیں۔ اس لڑکی نے رشوت کے طور پر خط میں 5ڈالر کا نوٹ بھی بھیجا۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس لڑکی کو جوابی لیٹر میں لکھا کہ ”آپ کی تجاویز بہت دلچسپ تھیں لیکن بدقسمتی سے حکومت ڈریگن اور فزکس کے متعلق فی الحال کسی پراجیکٹ پر کام نہیں کر رہی۔ چنانچہ میں آپ کی رشوت کی رقم واپس بھیج رہی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ آپ کی ڈریگن اور فزکس کے متعلق تلاش کامیاب رہے۔وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے جوابی خط میں لڑکی سے کچھ دلچسپ سوالات بھی پوچھے جن میں سے ایک یہ تھا کہ ”پھر بھی میں ڈریگنز پر نظر رکھوں گی۔ کیا وہ کپڑے پہنتے ہیں؟“ وزیراعظم کی طرف سے لڑکی کو بھیجا گیا یہ جوابی خط Redditپر پوسٹ کیا گیا۔ اس کی تصدیق کے لیے نیوز ویب سائٹ نے وزیراعظم کے ترجمان سے رابطہ کیا جنہوں نے تصدیق کی کہ یہ خط اصلی ہے اور وزیراعظم کی طرف سے ہی ایک گیارہ سالہ لڑکی کو لکھا گیا۔