100 مسافروں سے بھرا ہوائی جہاز گر کر تباہ

100 مسافروں سے بھرا ہوائی جہاز گر کر تباہ

نورسلطان (سچ نیوز) قازقستان میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ابتدائی طورپر 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی تاہم بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوچکی ہے۔ حادثے کے فوری بعد اور ریسکیو آپریشنز کی ویڈیوز بھی سامنے آگئیں ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گرنے والے بدقسمت طیارے میں 100 مسافر سوار تھے، حکام کے مطابق بیک ایئر کا طیارہ الماتے ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے فوری بعد گرگیا، علاقے میں شدید دھند تھی ۔ ایئرپورٹ حکام  نے بتایا کہ طیارہ  الماتے سے دارلحکومت نور سلطان جارہا تھا، ابتدائی طورپر اس حادثے کی وجہ معلو م نہیں ہوسکی۔

الماتے ایئرپورٹ حکام کاکہناتھا کہ 95 مسافر اور عملے کے پانچ افراد طیارے میں سوا ر تھے، طیارہ فضا میں بلند ہوتے ہی نیچے آ گیا اور دو منزلہ عمارت کیساتھ جا ٹکرایا۔ ادھر فلائٹ ریڈار 24 ایوی ایشن نے بتایا کہ طیارے نے ایک بج کر اکیس منٹ پر اڑان بھری اور اسی وقت ہی اس کا آخری سگنل موصول ہوا۔

بتایاگیا ہے کہ بیک ایئر کی پرواز  زیڈ 92100 ایک فوکر 100 طیارہ  تھا۔حادثے کے بعد سے ایئرپورٹ پر ہر قسم کا فضائی آپریشن معطل کردیا گیا۔

اس حادثے پر صدر  نے  متاثرہ فیملیز  کی معاونت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا ہے کہ ’ جو ذمہ دار ہیں، قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی ‘۔

حادثے کی ویڈیو دیکھئے ۔ ویڈیو میں لوگوں کی مدد کیلئے آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

 

Exit mobile version