لاہور (سچ نیوز) وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کی گئی تقریر کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے اور پوری دنیا میں ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے اپنی تقریر میں ماحولیاتی تبدیلیوں، اسلام فوبیا، منی لانڈرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم پر بات کی جبکہ ان کی تقریر کے دوران شرکاءنے پانچ مرتبہ تالیاں بھی بجائیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کی تقریر کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔
ایک جانب جہاں پوری دنیا کے مسلمان اور پاکستانی ان کی تعریف کر رہے ہیں تو دوسری جانب سوئیڈن کی یونیورسٹی میں پروفیسر اور انڈیا سے تعلق رکھنے و الے معروف ماہر بین الاقوامی امور اشوک سوین بھی ان کی تقریر سے خاصے متاثر نظر آئے اور لکھا کہ عمران خان نے توقع کے مطابق جنرل اسمبلی میں کشمیر سے متعلق زیادہ باتیں کیں تاہم اس کے ساتھ انہوں نے آر ایس ایس کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو تربیت فراہم کررہی ہے جو مسلمانوں کو قتل کررہے ہیں ، یہ پہلی بار ہوا کہ ہندو توا دہشت گردی کا ذکر اقوام متحدہ اور کسی بین الاقوامی تنظیم کے سامنے کیا گیا ہے۔