لندن(سچ نیوز )شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل کی جانب سے شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی کے حیران کن اعلان کے بعد ملکہ برطانیہ خود میدان میں آگئیں اورڈیوک آف سسیکس کو طلب کرلیا۔ ملکہ برطانیہ نے ہیری کے والد شہزادہ چارلس اور ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کو بھی اجلاس میں طلب کیا ہےجس میں پہلی بار کسی شاہی شخصیت کی وجہ پیداہونے والے مسائل پر بات کی جائے گی۔برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق مستقبل کا لائحہ عمل تیارکرنے کیلئے ملکہ برطانیہ شہزادہ چارلس، ولیم اور ہیری کے ساتھ شمالی انگلینڈ میں واقع ملکہ کی ریاست سدرینگھم میں ملاقات کریں گی۔ جبکہ سابق امریکی اداکارہ اور شہزادہ ہیری کی اہلیہ ڈچز آف سسکیس میگھن مرکل کینیڈا سے بذریعہ ٹیلی فوج اس اجلاس میں شریک ہوں گی۔رپورٹ کے مطابق ہیری اور میگھن کی وجہ سے ہونے والی اس تشویش پر شاہی خاندان کا اس نوعیت کا یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل جو ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسکیس کہلاتے ہیں نے چندروز قبل اچانک شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کااعلان کرکے نہ صرف عوام بلکہ شاہی خاندان کو بھی حیران کردیا تھا۔اطلاعات کے مطابق ہیری نے اس معاملے پر ملکہ برطانیہ سمیت شاہی خاندان کے کسی فرد سے مشورہ نہیں کیاتھا اور ا س کااعلان اپنی ویب سائٹ پر کیا جس سے شاہی خاندان کی نمایاں شخصیات نے دکھ اور مایوسی کااظہارکیاہے