نئی دہلی(سچ نیوز) بھارت میں چنئی ایئرپورٹ پر ایک مسافر کو مشکوک جان کر سکیورٹی عملے نے اس کے ہینڈ بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے ایسی چیز برآمد ہو گئی کہ آفیسرز کی آنکھیں بھی حیرت سے کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق یہ آدمی تھائی ایئرویز کی پرواز کے ذریعے بنکاک سے چنئی پہنچا تھا۔ اس کے ہینڈ بیگ سے مشکوک قسم کی آوازیں آنے پر جب تلاشی لی گئی تو ہینڈبیگ سے چیتے کا زندہ بچہ برآمد ہو گیا جسے وہ بنکاک سے سمگل کرکے بھارت لا رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والے چیتے کے بچے کی عمر ایک ماہ کے لگ بھگ تھی اور اس کا وزن 1کلوگرام تھا۔ ملزم نے اسے پلاسٹک کی ایک باسکٹ میں چھپا کر ہینڈ بیگ میں ڈال رکھا تھا۔ ایئرپورٹ کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ ”45سالہ مسافر کے بیگ سے آوازیں آنے پر جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ پریشان ہو گیا اور بوکھلائے ہوئے لہجے میں مبہم سے جوابات دے رہا تھا، جس پر ہم نے اس کا ہینڈ بیگ کھول دیا۔یہ کیس وائلڈلائف کرائم بیورو کو ریفر کر دیا گیا ہے۔“