لندن (سچ نیوز )سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے معاملے پر برطانیہ بھی میدان میں آ گیاہے اور ایران پر الزام عائد کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کا ماننا ہے کہ تیل تنصیبات پر حملے کا ذمہ دار ایران ہے تاہم امریکہ اور دیگر یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر مشترکہ رد عمل کیلئے کام کریں گے ۔واضح رہے کہ 14 ستمبر کو سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملے پر امریکا اور سعودی عرب نے حال ہی میں ایران پر ذمہ داری عائد کی تھی۔
برطانوی صحافی نے طیارے میں سفر کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کے اس حملے میں ملوث ہونے کے خدشات بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ سے برطانیہ اسے ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکا کے دوست ممالک اور یورپی دوستوں کے ساتھ مل کر رد عمل کی تیاری کرنے کے لیے کام کریں گے اور خلیج میں کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں کریں گے۔برطانیہ کے حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حوثیوں کا دعویٰ غیر معقول ہے کیونکہ ان کے پاس ایسی ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سے امریکا یا سعودی عرب نے کردار ادا کرنے کا کہا تو ہم اس پر غور کریں گے کہ یہ کس طرح کارآمد ہوسکتی ہے۔