کراچی: (سچ نیوز) کے ایم سی کے ماتحت ہسپتالوں میں بیک اپ سپورٹ کے بغیر بڑے آپریشنز کا انکشاف ہوا ہے، سرفراز رفیقی شہید اور سوبھراج ہسپتال میں آئی سی یو کے بغیر لیپرواسکوپک سرجری شروع کر دی گئی۔ سرفراز رفیقی شہید ہسپتال کا آپریشن تھیٹرانفیکشن کنٹرولڈ نہیں، مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگا دی گئیں۔
ایمبولینس نہ آئی سی یو، سالوں سے بند آپریشن تھیٹر میں لیپرواسکوپک سرجری شروع کر دی گئی، ہسپتال میں کنسلٹنٹ اور بے ہوشی کا ڈاکٹر بھی تعینات نہیں۔ کراچی میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیقی شہید کے نام سے منسوب کے ایم سی کے ماتحت ہسپتال میں بیک اپ سپورٹ کے بغیر لیپرواسکوپک سرجری شروع کر دی گئی۔
سینئرڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کا کہنا ہے ہسپتال کی خالی اسامیوں کے لیے متعلقہ حکام کو خط لکھا ہے، سرفراز رفیقی شہید پاکستان کا پہلا ہسپتال ہے جہاں سب سے پہلے لپرو اسکوپک سرجری شروع کی گئی تھی جو فنڈز اور انتظامی مسائل کے سبب بند کر دی گئی۔
کے ایم سی کے ماتحت ہسپتالوں میں دوبارہ لیپرواسکوپک سرجریز کا آغاز خوش آئند ہے لیکن طبی ماہرین کہتے ہیں آئی سی یو کے بغیر آپریشن ممکن نہیں، بغیر بیک اپ سپورٹ کے آپریشن کے نتیجے میں مریض کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔