ڈبلن( سچ نیوز ) آئرلینڈ کی 24سالہ سوشل میڈیا سٹار جیڈ مکین گزشتہ سال اکتوبر میں کینسر میں مبتلا ہو کر دنیا سے چل بسی تھی۔ اب اس کی زندگی کے آخری دنوں پر مبنی ایک ڈاکومنٹری نشر ہونے جا رہی ہے جس میں اس کے زندگی کے آخری الفاظ پر مشتمل ایک ویڈیو بھی شامل ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اپنے ان آخری الفاظ بولتے ہوئے جیڈ مکین کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں اور وہ ہسپتال کے بستر پر لیٹی کہتی ہے کہ ”ہر بار مجھے جب یہاں لایا جاتا ہے تو مجھے لگتا ہے کہ بس اب میری کہانی ختم ہونے والی ہے۔ اب میری یہیں موت ہو جائے گی۔“رپورٹ کے مطابق جیڈ مکین کی زندگی کے آخری دنوں پر مبنی یہ ڈاکومنٹری اداکار جان کونرز نے بنائی ہے۔ جان کونرز نے جیڈ مکین کے ان آخری دنوں میں اس کی کئی ویڈیوز بنائیں جو اس ڈاکومنٹری کا حصہ ہوں گی۔ اپنی اس آخری ویڈیو میں جیڈ مزید کہتی ہے کہ ”جب میں زندگی کے گزرے سالوں پر نظر دوڑاتی ہوں تو مجھے یقین نہیں آتا کہ میری زندگی اتنی جلدی ختم ہونے جا رہی ہے۔ کاش میں کم عمری میں خود کو بتا سکتی کہ لوگ میرے بارے میں جو سوچتے ہیں اس کی پروا مت کرو۔“ واضح رہے کہ جیڈمکین کو ’لیومیسارکوما‘ (Leiomyosarcoma)نامی کینسر لاحق ہوا تھا۔ اس میں اس کینسر کی تشخیص سے تین ہفتے قبل اس کے والد انتھونی میں بھی پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور جیڈ کی موت کے دو ماہ بعد اس کے والد کی بھی پراسٹیٹ کینسر کی وجہ سے موت واقع ہو گئی تھی۔