بیجنگ ( سچ نیوز ) ایک ویب سائٹ سٹی نیوز (ab-tc.com) نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ چین نے کرونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے 20 ہزار لوگوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔ اس حوالے سے چین کی اعلیٰ ترین عدالت سے اجازت لی جارہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اجازت دے دی جائے گی جس کے بعد متاثرہ لوگوں کا قتل عام کیا جائے گا۔
ویب سائٹ کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور بڑے پیمانے پر اس خبر کو شیئر کیا جانے لگا۔ لوگوں نے چین کے اس اقدام کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرنا شروع کردیا لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔
جھوٹی خبروں کے حوالے سے امریکی ویب سائٹ ’Snopes‘ نے ویب سائٹ کی ساکھ پر ہی سوالات اٹھادیے ہیں۔ فیکٹ چیک ویب سائٹ کے مطابق سٹی نیوزنے اپنے تئیں بہت بڑی خبر دی ہے ، اگر یہ ایک شوشے کے طور پر ویب سائٹ نے لگائی ہوتی تو اس پر ’انتباہ‘ وغیرہ لکھا ہوتا لیکن ویب سائٹ نے ایسا کچھ نہیں لکھا، جبکہ ویب سائٹ پر اس کے دفتر کا پتہ یا رابطہ نمبر بھی نہیں لکھا ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ایک افواہ سازی کی فیکٹری ہے۔ویب سائٹ پر جو رپورٹ دی گئی ہے اس میں املا کی بھی بہت سی غلطیاں ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ کسی نان پروفیشنل آدمی نے شوشہ چھوڑ کر خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی ہے۔ مثال کے طور پر سٹی نیوز پر شائع ہونے والی خبر کے پہلے ہی جملے میں China کو Chhina لکھا گیا ہے۔
30 جنوری 2020 کو بھی اس ویب سائٹ نے جھوٹی خبر چھاپی اور دعویٰ کیا تھا کہ سنگاپور کے 5 شہریوں میں چین کا سفر کیے بغیر ہی کرونا وائرس منتقل ہوگیا ، یہ خبر سامنے آنے پر سنگاپور کی حکومت نے اس دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔