لاہور(سچ نیوز)پاکستان ریلوے کے ترجمان نےسوشل میڈیا میں پھیلی ہوئی ان افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانوالی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کا حال ہی میں افتتاح نہیں ہوا تھا بلکہ دو روز قبل جس ٹرین کا وزیر اعظم نے افتتاح کیا وہ ’’میانوالی ایکسپریس‘‘ تھی جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپرس تھی۔پاکستان ریلویز کے حوالے سے ایک غلط خبر گردش کر رہی ہے جس میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ حال ہی میں خوشحال خان خٹک ایکسپرس کا افتتاح کیا گیا جو میانوالی کے ٹریک پر آج حادثے کا شکار ہوئی۔ ریلوے ترجمان نے اس بات کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات قطعاً غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے۔ اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کا افتتاح نہیں کیا گیا بلکہ میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کیا گیا تھا۔خوشحال خان خٹک ایکسپرس کراچی تا پشاور جبکہ میانوالی ایکسپریس راولپنڈی سے میانوالی کے درمیان چلتی ہے۔ آج صبح چھ بجے خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 9 بوگیاں میانوالی سیکشن پر مسان اور سوہان سٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک سے اْتر گئیں جس کے نتیجے میں بیس مسافر زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی ہے اور چار مسافروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ریلوے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خوشحال خان خٹک کے مسافروں کو پشاور پہنچانے کے لیے اٹک شہر سے خصوصی ریک چلایا گیا۔