سیول ( ویب ڈیسک) قانونی ذرائع نے بتایا ہے کہ بدنام زمانہ آن لائن جنسی ہراساں کرنے کے بعد بلیک میلنگ کرنے کے ماسٹر مائنڈ کورین شہری “چھو جو بِن” نے اپنی 42 سال قید کی سزا میں کمی کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مجرم نے یہ اپیل سیول ہائی کورٹ کے 42 سال قید کی سزا کا فیصلہ سنانے کے تین دن کے بعد جمع کروائی ہے۔ مجرم نے مئی 2019 سے لے کر فروری 2020 تک اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 74 خواتین جن میں 16 کم عمر کی بچیاں بھی شامل تھیں کو بلیک میل کرنے کے لیے ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کربعد میں بلیک میلنگ کی غرض سے وہ نازیبا ویڈیوز آن لائن ٹیلیگرام پر فروخت کی تھیں۔ عدالت نے مجرم پر 100 ملین کورین وان جو قریب 89 ہزار530 ڈالر بنتے ہیں کی ادائیگی کا حکم بھی صادر کیا ہے۔ مجرم پر پچھلے سال کے اوائل میں 14 فوجداری الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔