کوئٹہ: (سچ نیوز) سونے کے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد کوئٹہ میں زیورات بنانے اور اسکی خرید و فروخت سے منسلک ہزاروں لوگوں کیلئے دوقت کی روٹی کمانا مشکل ہو گیا ہے ۔ دکاندار مکھیاں مارنے پر مبجور ہیں۔
کوئٹہ میں اندرون صوبہ اور افغانستان سے بڑی تعداد میں روزانہ لوگ شاپنگ کے لئے آتے ہیں جن میں شادی بیاہ کی خریداری کرنے والے بھی شامل ہیں۔ سنار دکانوں میں نت نئے ڈیزائن کے دیدہ زیب زیورات سجائے خریداروں کی راہ تکتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سونا مہنگا ہونے سے 80 فی صد سناروں کا کاروبار ٹھپ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان حالات میں دکانوں کے کرائے اور دیگر اخراجات پورا کرنا مشکل ہے۔
کچھ عرصہ قبل تک کوئٹہ کے اس بازار میں واقع جیولرز کی دکانوں پر خوب ریل پیل ہوا کرتی تھی اب طلائی زیورات شو کیس کی زنیت بنے خریداروں کے منتظر ہیں، اکثر گاہک سونے کا بھائو سن کر ہی واپسی کی راہ لیتے ہیں۔
سناروں کا کاروبار ٹھپ ہونے سے سونے کو خوبصورت زیورات میں ڈھالنے والے کاریگر سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور بیشتر تو اس کام کو خیر باد کہنے کا سوچ رہے ہیں۔