بیجنگ ( سچ نیوز ) چین میں کورونا وائرس کے بعد ایک اور وباءحملہ آور ہو گئی ہے تاہم یہ وباءانسانوں پر نہیں بلکہ مرغیوں پر حملہ آور ہوئی ہے جس کا شکار ہو کر اب تک 4500سے زائد مرغیاں ہلاک ہو چکی ہیں۔ دی مرر کے مطابق چین میں پہلے سارس کی طرح کا کورونا وائرس آیا اور اب یہ برڈ فلو کی طرح کی ’ایچ 5این 1ایویان انفلوئنزا‘ نامی وباءچین کے صوبے ہنان کے شہر شاﺅ ینگ میں واقع ایک مرغیوں کے فارم میں پھیل گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس وباءسے 4500سے زائد مرغیاں ہلاک ہو گئیں اور حکام کو فارم میں موجود باقی 17ہزار 828مرغیاں خود سے تلف کرنی پڑ گئیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مرغیوں میں پھیلنے والی برڈ فلو جیسی ’ایچ 5این 1ایویان انفلوئنزا‘ نامی وباءانسانوں کو بھی لاحق ہو سکتی ہے، تاہم یہ ایک انسان سے دوسرے میں مشکل سے پھیلتی ہے۔ حکام نے اس فارم ہاﺅس کو سیل کر دیا ہے اور سپرے وغیرہ سے اس وائرس کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ’ایچ 5این 1ایویان انفلوئنزا‘ انسانوں کو کم لاحق ہوتی ہے تاہم یہ بہت جان لیوا ہے۔ ماضی میں اس وباءکا ریکارڈ بتاتا ہے کہ اس میں مبتلا ہونے والے 60فیصد لوگ موت کے گھاٹ اتر جاتے ہیں۔