کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ، نجی ٹی وی اینکر مرید عباس جاں بحق

کراچی: (سچ نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں کارسواروں کی فائرنگ سے نجی ٹیلی وژن کے اینکر مرید عباس اپنے ساتھی خضر سمیت جاں‌ بحق ہو گئے ہیں
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کار سواروں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی اینکر مرید عباس جاں بحق ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ خیابان بخاری میں پیش آیا۔

ملزمان فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچی جنہوں نے مرید عباس اور ان کے ساتھی کو ہسپتال پہنچایا جہاں زخمی خضر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ایس پی ساؤتھ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے، دونوں افراد دوست سے ملنے آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ایک گھنٹے میں فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

مرید عباس نے جنوری 2016ء میں معروف ٹی وی اینکر زارا عباس سے شادی کی تھی۔ ان کی اہلیہ زارا عباس نے بتایا ہے کہ مرید عباس نے ٹائروں کے کاروبار میں سرمایہ کاری کی تھی، ان کے پارٹنر عاطف زمان نے رات 8 بجے مرید کو فون کر کے بلایا تھا۔ عاطف زمان نے رمضان سے مرید عباس کے 50 لاکھ روپے دینے تھے۔

ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اینکر مرید عباس اور ان دوست کے قتل میں ملوث ملزم عاطف زمان نے خود کو بھی گولی مار لی ہے جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے نجی ٹی وی کے اینکر پرسن مرید عباس کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان اور نجی ٹیلی وژن کی انتظامیہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے آمین۔

Exit mobile version